فیروزوالا: پولیس کی چھاپہ مار ٹیم اغوا، اے ایس آئی پر تشدد، وردی پھاڑ ڈالی

14 نومبر 2013

فیروزوالا (نامہ نگار) لاہور روڈ پر نبی پور ورکاں کے قریب فیکٹری مالک اور انتظامیہ کے اہلکاروں نے 30 مزدوروں کی مدد سے مسلح ہو کر تھانہ فیکٹری ایریا کے دو تھانیداروں سمیت متعدد اہلکاروں کو سرکاری گاڑی سمیت اغوا کر لیا۔ حملہ آوروں نے اے ایس آئی کی وردی پھاڑ ڈالی اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر یرغمالی پولیس اہلکاروں کو رہائی دلائی۔ سب انسپکٹر عارف علی، ٹی اے ایس آئی رضائے مصطفی و دیگر اہلکار سرکاری گاڑی پر سوار ہو کر ملزم کی گرفتاری کیلئے ایک فیکٹری میں چھاپہ مارا تو فیکٹری ملازم شیخ اکرم اور منیجر ارشاد نے دیگر مزدورورں اور اہلکاروں کی مدد سے مسلح ہو کر تھانیداروں اور پولیس ملازمین کو اغواء کر کے کمرے میں بند کردیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس دوران ایس آئی رضائے مصطفی کی وردی پھاڑ ڈالی۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر تھانہ فیکٹری ایریا کی نفری بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جنہوں نے یرغمال شدہ پولیس ملازمین کو رہا کروایا۔ پولیس نے اس واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔