بھارت نواز کشمیری جماعتیں میر جعفر اور صادق کا کردار نبھا رہی ہیں : علی گیلانی

14 نومبر 2013

سرینگر(کے پی آئی) توسہ میدان کو فوج کے ہاتھوں لیز پر دینے کے خلاف مقامی آبادی کی جانب سے جاری احتجاج کی حمایت کااعلان کرتے ہوئے حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ حریت ایسے کسی بھی اقدام کی مزاحمت کرے گی جس سے توسہ میدان کو لیز پر فوج کو تفویض کرنا ہو۔ شہداء جموںاور ہماری ذمہ داریاں‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے گیلانی نے کہاکہ بھارت  کشمیر میں اپنے فوجی قبضے کو برقرار رکھنے کیلئے فوج کے ذریعے یہاں کی اراضی ،جنگلات اور آبی وسائل پر قبضے کو دوام بخش رہا ہے اور اس کیلئے یہاں کے مقامی سیاست دانوں کا سہارا لے رہا ہے ۔ انہوں نے  ہند نواز سیاسی پارٹیوں کو کلہاڑی کے دستے قرار دیتے ہوئے کہاکہ دستوں کے بغیر کلہاڑی کارآمد نہیں ہوتی ہے لہٰذا ریاست جموں وکشمیر پر قبضے کو دوام بخشنے کیلئے انہی سیاسی پارٹیوں کا استعمال کیا جارہا ہے ۔انہوں نے لوگوں سے تلقین کی کہ وہ ایسے لوگوں، جو جعفر وصادق کا کردار نبھا رہے ہیں، کے ہاتھ مضبوط نہ کریں جو بھارت کے فوجی قبضے کو دوام بخشنے کیلئے کام کرتے ہیں ۔سید علی گیلانی نے کہا غیر ریاستی باشندوں کو کشمیر میں مستقل سکونت فراہم کرنے کیلئے ایک خطرناک طرز عمل اپنایا گیا ہے اور اسرائیلی پالیسی کے تحت عمل پیرا ہوکر بہاریوں اور اتر پردیش کے لوگوں کو یہاں مستقل طور بسیا یا جارہا ہے جوکہ ایک خطرناک روش ہے۔