مخدوم جمیل کے سیکرٹری سمیت 4 ملزمان کا پانچ روزہ ریمانڈ‘ایف آئی اے نے سول کورٹ ہالا میں پیش کیا‘ دیگر ملزمان روپوش ہیں

14 نومبر 2013

ہالا (نامہ نگار) کروڑوں روپے کی کرپشن میں گرفتار صوبائی وزیر مخدوم جمیل الزماں کے سیکرٹری سمیت چار ملزمان کو ایف آئی اے نے سول کورٹ ہالا میں پیش کرکے پانچ روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا دیگر ملزمان روپوش ہیں۔ این اے 218 میں ترقیاتی کاموں کیلئے جاری کئے گئے ساڑھے سات کروڑ روپے کے فنڈز خوردبرد کرنے پر سپریم کورٹ کی ہدایت پر ایف آئی اے حیدر آباد نے گزشتہ رات مختلف مقامات پر چھاپے مار کر مخدوم جمیل الزماں کے پرسنل سیکرٹری کاشف میمن‘ سابق ٹی ایم او ہالانورالدین میمن‘ غلام مصطفی میمن اور ولی اللہ بھٹو کوگرفتار کرکے سول کورٹ ہالا سے پانچ روز کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا۔ ہتھکڑیوں کے ساتھ ملزمان کی کورٹ آمد کے موقع پر شہریوں کی بہت بڑی تعداد کورٹ کے احاطہ میں پہنچ گئی۔ ریمانڈ ملنے کے بعد پولیس چاروں ملزمان کو اپنے ہمراہ لے گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ مقدمہ میں مجموعی طور پر 14ملزمان شامل ہیں جن کی اکثریت کو روپوش قرار دے دیا گیا۔