جہاد کشمیر کی آزادی کا واحد حل ہے‘ پاکستان نے بھارت کو فیورٹ نیشن قرار دینا ہے تو کشمیریوں کی وکالت چھوڑ دے: صلاح الدین

14 نومبر 2013
جہاد کشمیر کی آزادی کا واحد حل ہے‘ پاکستان نے بھارت کو فیورٹ نیشن قرار دینا ہے تو کشمیریوں کی وکالت چھوڑ دے: صلاح الدین

میرپور (اے این این) متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کو پسندیدہ ملک کا درجہ دینا چاہے تو کشمیریوں کی وکالت ترک کر دے، مذاکرات کا نتیجہ ہمیشہ طاقتور کے حق میں جاتا ہے، تحریک آزادی صرف کشمیریوں کا مسئلہ نہیں پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ اگرپاکستان بھارت کے ساتھ تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے تو کشمیریوں کی وکالت سے دستبردار ہو جائے‘ بھارت کو فیورٹ نیشن قرار دینے کی حرکتیں کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں۔ متحدہ جہاد کونسل پاکستان بھارت مذاکرات کی حامی ہے لیکن مذاکرات اس صورت کامیاب ہوتے ہیں جب آپ طاقتور ہوں‘ مذاکرات کی جنگ ہمیشہ وہ فریق جیتتا ہے جو طاقتور ہوتا ہے۔ سید صلاح الدین نے کہاکہ پاکستان میں دہشت گردی امریکہ‘ بھارت اور اسرائیل کروا رہے ہیں لیکن پاکستان اور کشمیری قوم کسی صورت اس کے مذموم مقاصد کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ تحریک آزادی کشمیر صرف کشمیریوں کا مسئلہ نہیں بلکہ دراصل پاکستان کی بقا کی جنگ ہے۔