پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر حکام کی آئینی ماہرین سے مشاورت
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اعلیٰ حکام نے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے متعلق آئینی ماہرین سے مشاورت کی ہے۔ وفاقی حکومت عدالت سے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل میں شامل رکھنے کی استدعا کریگی۔ حکومت نے عدالت میں ایف آئی اے کی طرف سے جاری تحقیقات کا موقف اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پرویز مشرف نے ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دے رکھی ہے۔ سندھ ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت اور وزارت داخلہ کو بھی نوٹس بھجوائے ہیں۔ نوٹس پر وفاقی حکومت کے جواب سے متعلق امور پر بھی مشاورت کی گئی۔