چیئرمین پی آئی اے ا ور ایم ڈی کے تقرر کی سفارشات وزیراعظم کو ارسال
اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے 58 قومی خود مختار اداروں اور کارپوریشنوں کے چیئرمینوں اور چیف ایگزیکٹیوز کے تقرر کے لیے قائم کردہ کمشن نے دسمبر کے آخر تک انٹرویوز کا سلسلہ مکمل کرنے کا پروگرام تشکیل دیدیا‘ کمیشن نے اہم عہدوں کیلئے اندرون و بیرون ملک سے موصولہ ہزاروں درخواستوں کی سکروٹنی کیلئے تعینات بین الاقوامی کمپنی کو جلد از جلد حتمی درخواستیں کمیشن کو ارسال کرنے کی ہدایت کردی۔ کمیشن نے پی آئی اے کے چیئرمین اور ایم ڈی کے تقرر کے لیے اپنی سفارشات وزیر اعظم کو بھجوا دیں۔ نیپرا کے نئے چیئرمین کے لیے سمری پیر18 نومبر کو وزیراعظم کو بھجوائی جائینگی۔ بدھ کو کمشن کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق وفاقی ٹیکس محتسب عبدالرئوف چودھری کی سربراہی میں قائم 3 رکنی کمیشن نے اب تک پی ٹی اے کے چیئرمین کی تقرری کا کام مکمل کر لیا ہے جبکہ چیئرمین اور ایم ڈی پی آئی اے کے لئے کمیشن نے اپنی سفارشات مرتب کر کے سمری حتمی منظوری کے لیے وزیر اعظم نواز شریف کو بھجوا دی ہے۔ وزیراعظم کی مصروفیات کے باعث گزشتہ چار دن سے وہ سمری پر غور نہیں کر سکے جبکہ بجلی کی قیمتوں کا تعین کرنے کے لئے قائم ادارے نیپرا کے چیئرمین کی تقرری کے لیے بھی کمیشن نے اپنی سفارشات تیار کر لی ہیں جو آئندہ ہفتے وزیر اعظم نواز شریف کو منظوری کے لئے بھجوا دی جائیں گی۔ کمشن کے ذمہ دار ذرائع نے اس تاثر کو غلط قرار دیا ہے کہ کمشن کا کام تاخیر کا شکار ہو رہا ہے۔