ڈینگی سے ہلاکتیں جاری، لاہور اور راولپنڈی میں مزید 2 افراد جاں بحق

14 نومبر 2013
ڈینگی سے ہلاکتیں جاری، لاہور اور راولپنڈی میں مزید 2 افراد جاں بحق

لاہور (سپیشل رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) لاہور میں ڈینگی میں مبتلا ایک اور مریض انتقال کرگیا۔ 49 سالہ محمد سلیم گنگارام ہسپتال میں زیرعلاج تھا۔ اس طرح لاہور میں ہلاکتوں کی تعداد 10تک پہنچ گئیں جبکہ راولپنڈی میں بھی ایک 17سالہ نوجوان دم توڑگیا۔ پنجاب میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے77نئے کیس سامنے آگئے۔ دوسری جانب ترجمان محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں 41 اور راولپنڈی میں 33 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی۔ علاوہ ازیں پنجاب میں مجموعی تعداد 1694 ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق موسم کی تبدیلی ساتھ ہی ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں بھی دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔ ادھر راولپنڈی میں 17سالہ نعمان ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں زیرعلاج تھا۔ گذشتہ روز دم توڑ گیا۔ راولپنڈی میں ڈینگی سے انتقال کرنیوالے افراد کی تعداد 8 ہوگئی۔ علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے رواں ہفتے چار پبلک ہالیڈیز کے دوران ڈینگی مہم جاری رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ چیف منسٹر کی ہدایات پر سروسز اینڈ جنرل اینڈ منسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبائی محکموں کے سیکرٹریز، آئی جی پولیس، کمشنرز، ڈی سی اوز کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ 14 تا 17 نومبر 2013ء کے دوران ڈینگی کیخلاف مہم جاری رکھی جائیگی۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ چھٹیوں کے دوران سرکاری سکولوں میں لاروا کی چیکنگ اور فوگنگ کی جائے۔