صارفین کو پورا سال بغیر تعطل مہنگی سی این جی فراہمی کا منصوبہ

14 نومبر 2013
صارفین کو پورا سال بغیر تعطل مہنگی سی این جی فراہمی کا منصوبہ

لاہور (اے پی اے + آئی این پی) حکومت اور سی این جی ایسوسی ایشن نے صارفین کو پورا سال بغیر کسی تعطل کے مہنگے داموں سی این جی کی فراہمی کے لئے پلان تیار کر لیا۔ حکومت اور سی این جی ایسوسی ایشن کے درمیان کامیاب مذاکرات میں صارفین کو بغیر کسی تعطل کے پورا سال سی این جی کی فراہمی کا پلان تیار کیا گیا ہے، مذاکرات کے دوران حکومتی ارکان کی جانب سے قطر سے خریدی جانے والی لیکوئی فائڈ نیچرل گیس (ایل این جی) میں سے 400 ملین کیوسک گیس سی این جی سیکٹر کو فراہم کرنے کی تجویز دی تاہم اس پلان کی منظوری کے بعد صارفین کو فی کلو سی این جی 100 سے 112 روپے میں فراہم کی جائے گی جس پر سی این جی ایسوسی ایشن نے رضامندی ظاہر کی ہے۔ حکومت اور سی این جی ایسوسی ایشن کی جانب سے تیار کئے جانے والے پلان پر آئندہ سال جولائی سے عمل درآمد شروع ہو گا۔ سی این جی ایسوسی ایشن وزارت پٹرولیم سے سی این جی خریدنے کے علاوہ ایل این جی کا مخصوص کوٹہ بھی وصول کرے گی جس سے توانائی بحران پر قابو پانے میں مدد مل سکے گی۔