جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات، نئے ضابطوں کیلئے حکومتی بڑوں نے سر جوڑ لئے

14 نومبر 2013

لاہور (خبرنگار) سپریم کورٹ کی طرف سے بلدیاتی انتخابات موخر کرنے اور الیکشن کمشن کی طرف سے پنجاب میں انتخابی شیڈول کو منسوخ کرنے کے بعد صوبائی حکومت اب جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کیلئے قواعد و ضوابط  تیار کرکے الیکشن کمشن کو دیگی جس کے بعد الیکشن کمشن جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کیلئے تیار انتخابی شیڈول جاری کریگا۔ جنوری 2014ء میں ہونیوالے بلدیاتی انتخابات پاکستان کی تاریخ کے پہلے جماعتی بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔ حکومتی بزرجمہر گزشتہ روز سے سرجوڑ کر بیٹھ چکے ہیں کہ جماعتی بنیادوں پر انتخابات کیلئے کیسے قواعد و ضوابط  بنائے جائیں کہ یہ الیکشن ایک کونسلر کے چنائو کیلئے نہیں بلکہ 13 افراد کے ’’پینل‘‘ نے لڑنا ہے۔ نئے قواعد و ضوابط میں ’’پینل‘‘ الیکشن لڑیگا یا الگ الگ ووٹ جماعتی بنیادوں پر ڈالے جائیں گے، اسکا فیصلہ ابھی  ہونا باقی ہے۔