ایف آئی اے نے آصف ہاشمی کو اشتہاری قرار دینے کے عدالتی احکامات حاصل کر لئے

14 نومبر 2013

لاہور (خبرنگار) ایف آئی اے لاہور نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین پیپلزپارٹی کے رہنما آصف ہاشمی کو اشتہاری ملزم قرار دلوانے کیلئے عدالت سے احکامات حاصل کر لئے۔ عدالت پہلے ہی آصف ہاشمی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر چکی ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے متروکہ وقف املاک بورڈ کی 400کنال سے زائد زمین 33فیصد پلاٹوں کی بجائے 25فیصد پلاٹوں کے عوض ایک ادارے کے حوالے کرکے دو ارب سے زائد روپے کا محکمے کو نقصان پہنچایا جبکہ وہ اس کے قبضہ سے کئی ارب روپے مالیت کی 397کنال زمین کا قبضہ واپس نہ لے سکے۔ یاد رہے سپریم کورٹ کے احکامات پر ایف آئی اے نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین آصف ہاشمی اور دیگر افسران کے خلاف مقدمہ درج ہوا تھا۔