اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے پر 88 کمپنیوں کو نوٹس جاری کر دیا
لاہور+ اسلام آباد (کامرس رپورٹر+ خبرنگار) اوگرا نے قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر 88 ایل پی جی کمپنیوں کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں، اکتوبر کے بعد ملکی پیداواری کمپنیوں نے قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جبکہ اوگرا نے دیگر درآمدی کمپنیوں کو سردیوں کے موسم میں گیس کی کمی اور قیمتوں پر قابو پانے کیلئے چند ماہ پہلے ہی ہدایت کی تھی کہ اضافی گیس ذخیرہ کر لی جائے۔ ذرائع کے مطابق اوگرا نے رواں ماہ ملک کے مختلف علاقوں سے ایل پی جی 160 سے 200 روپے فی کلوگرام فروخت ہونے کی اطلاعات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ایل پی جی کمپنیوں کو تنبیہ کی ہے کہ جس کمپنی کے ڈسٹری بیوٹر اضافی قیمت وصول کرینگے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ان کے لائسنس منسوخ کر دیئے جائیں گے۔ مارکیٹ میں مہنگی گیس کی فروخت کی ذمہ داری براہ راست اس کمپنی پر ہو گی جس کا برانڈ استعمال کیا جا رہا ہو گا۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹر ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کے مطابق انکی درخواست پر وزیراعظم نے نوٹس لیا اور چیئرمین اوگرا سعید خان کی قیمتوں میں کمی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے اوگرا کے نوٹیفیکیشن کے بغیر ایل پی جی کی قیمتوں میں 7روپے فی کلو اضافہ کر دیا تھا ۔ چیئرمین اوگرا سعید خان نے یقین دہانی کروائی ہے کہ قیمتیں اکتوبر کے مہینے کے مطابق ہی ہونگی۔