اقوام متحدہ، دیگر عالمی ادارے مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کریں: برجیس طاہر
لاہور (فرخ سعید خواجہ/ این این آئی) وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت و بلتستان چودھری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ بند نہ کیا تو پاکستان اس معاملے کو بین الاقوامی فورمز پر اٹھانے کے لئے مجبور ہوگا۔ وہ گزشتہ روز نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ چودھری برجیس طاہر نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کا پابند ہے اور ہم کشمیریوں کو یہ حق ملنے تک ان کی حمایت کرتے رہیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کا رویہ خطے کے امن کے لئے خطرہ ہے۔ اس خطرے سے بچاؤ کے لئے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دینا ہٹ دھرمی ہے بعض کشمیری لیڈروں کا بھارت کی ہاں میں ہاں ملانا کشمیر دشمنی کے مترادف ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور ہم نے آزاد کشمیر، گلگت وبلتستان نہیں سندھ میں بھی پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جبکہ خیبر پی کے میں تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا۔ این این آئی کے مطابق برطانوی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے برجیس طاہر نے کہا کہ بھارت اپنی ہٹ دھری کی وجہ سے جنوبی ایشیا ء کو تیسری جنگ کی طرف دھکیلنا چاہتا ہے،بھارت خطے میں جنگی جنون کی بنیاد پر بالادستی قائم کرنا چاہتا ہے،ہم مسئلہ کشمیر کا ایسا حل چاہتے ہیں جو کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق ہو چاہے ا س کے لیے اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کر کے رائے شماری کرائی جائے یا پھر کوئی تیسرا ملک ثالثی کرے لیکن افسوس کا مقام یہ ہے کہ اقوام متحدہ امریکہ کی لونڈی بن کررہ گیا ہے اگر امریکہ چاہے تو مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان میں رائے شماری ہو سکتی ہے لیکن اگر امریکہ نہ چاہے تو کشمیر میں رائے شماری نہیں ہو سکتی یہ امریکہ کا دوہرا معیار ہے حالانکہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی واضح قرار دادیں موجود ہیںمزید براں جواہر لال نہرو نے خود کشمیر کو متنازع تسلیم کیا اور کشمیر میں رائے شماری کرانے کا وعدہ کیاپاکستان آج بھی کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تسلیم کرتا ہے جب کہ بھارت اٹوٹ انگ کی رٹ لگائے ہوئے ہے۔ بعد ازاں اُنہوں نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم یو ایس ایڈ کی مدد سے کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لئے پالیسی بنا رہے ہیں۔میر پور میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قیام کے لئے زمین حاصل کر لی ہے جس کی تعمیر جلد شروع کر دی جائے گی۔