چپچہ وطنی: راہ چلتی خواتین پر حملے کرنے والے نامعلوم جنونی موٹر سائیکل سوار کا دوسرا خاکہ جاری
چیچہ وطنی (نامہ نگار) راہ چلتی خواتین پر حملے کرنے والے نامعلوم جنونی موٹر سائیکل سوار کا پولیس نے دوسرا خاکہ جاری کردیا، عینی شاہدین اور متاثرہ خواتین کے بیانات کی روشنی میں یہ خاکہ آئیڈینٹی کاسٹ کے ماہرین نے تیار کیا ہے جن میں سعودی ماہرین بھی شامل ہیں۔ ماہرین کا اندازہ ہے ملزم کی عمر 17 سے 21 سال کے درمیان ہے۔ ڈی پی او ساہیوال سید خرم علی نے ترجیحی طور پر دلچسپی لیتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کے لیے ایس پی سپیشل برانچ شوکت عباس کو ٹاسک دے دیا ہے اور حکم دیا ہے ملزم کی گرفتاری کو جلد ازجلد یقینی بنایا جائے ۔ ڈی پی او کی ہدایات کی روشنی میں ڈی ایس پی چیچہ وطنی ملک اعجاز حسین کی سربراہی میں جو کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اس میں چار انسپکٹر طاہر اعجاز خاں ، قاضی باسط، نثار بھٹی، عابد حسین بھلہ کے علاوہ چار سب انسپکٹر محمد حسین آرائیں ، ضیاء باجوہ، عبدالستار وغیرہ بھی کمیٹی میں شامل ہیں ۔ ایلیٹ فورس سمیت 100 پولیس اہلکار بھی اس ٹیم کا حصہ ہیں ۔ گزشتہ 36 گھنٹوں میں خاکے سے مشابہہ تین نوجوان شامل تفتیش کرلیے گئے ہیں ۔ پیشتر ازیں 1500 نوجوانوں کو شبہ میں گرفتار کیا گیا تھا جنہیں بعد میں رہا کر دیا گیا۔