زاہدان اور کوئٹہ کے ذریعے پاک ایران کو ریڈور قائم کیا جائے: ایرانی قونصل جنرل
لاہور (کامرس رپورٹر) ایرانی قونصل جنرل محمد بانی اسدی نے زاہدان اور کوئٹہ کے ذریعے پاک ایران کاریڈور قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت مزید بہتر خطوط پر استوار ہوگی ۔ انہوں نے یہ بات لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر کاشف انور، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین مقصود احمد بٹ، طلحہ طیب بٹ کے علاوہ پیر ناظم حسین شاہ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ محمد بانی اسدی نے کہا کہ پاک ایران کاریڈور کے قیام سے بہترین نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں کیونکہ اس سے نہ صرف بلوچستان میں روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہونگے بلکہ انفراسٹرکچر کے حوالے سے بھی ترقی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجروں کو ایران کے زراعت، سیاحت اور میٹل انڈسٹری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے ایران قونصل جنرل کو یقین دہانی کرائی کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری دورطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔