تجارتی رکاوٹیں دور کرنے کیلئے لاہور چیمبر اور انڈین ہائی کمشن مشترکہ کوششوں پرمتفق

14 نومبر 2013

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور انڈین ہائی کمیشن نے دوطرفہ تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاقِ رائے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری اور بھارتی ہائی کمشنر ٹی سی اے راگھون کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران ہوا ۔ بھارتی ہائی کمشنر نے وعدہ کیا کہ وہ کسٹم کلیئرنس کو وقت کا پابند بنائیں گے ۔  لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے انڈین ہائی کمشنر کو آگاہ کیا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پاک بھارت تجارت بڑھانے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت لوگوں کو نزدیک لاسکتی ہے۔