ٹریفک حادثات ‘ ٹرین تلے آ کر خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق

14 نومبر 2013
ٹریفک حادثات ‘ ٹرین تلے آ کر خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق

لاہور(نامہ نگار)شہر میں ٹریفک حادثات، ٹرین تلے آ کر  خاتون سمیت 4افراد ہلاک ہوگئے ۔بتایا جاتا ہے کہ چوہنگ کے علاقہ میں تیز رفتار موٹر سائیکل سامنے سے آنے والی گدھا ریڑھی سے جاٹکرائی ۔جس کے نتیجہ میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم شخص شدید زخمی ہوگیا۔ اسے طبی امداد کے لئے ہسپتال پہنچایا گیا۔ جہاں وہ دم توڑ گیا۔ سگیاں پل کے قریب دو روز قبل ویگن کی زد میں آکر زخمی ہونے والے اخلاق گزشتہ روز ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی ہے ۔ متوفی محنت مزدوری کرتا تھا سڑک عبور کرتے ہوئے ویگن کی زد میں آکر زخمی ہوا تھا ۔شفیق آباد کے علاقہ میں نامعلوم معمر خاتون چنگ چی رکشا کی ٹکر لگنے سے ہلاک ہوگئی۔ پولیس کے مطابق متوفیہ حلیے سے بھکارن معلوم ہوتی ہے۔ شاہدرہ ٹائون کے علاقہ میں 48 سالہ شخص ٹرین تلے آکر ہلاک ہوگیاپولیس کا کہنا ہے کہ ریلوئے لائن پھاٹک کے سامنے واقع دکاندار نے اطلاع دی کہ نامعلوم شخص اچانک ٹرین کے سامنے کود گیا اور ٹرین کی زد میں آکر موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جس۔ متوفی نے سفید رنگ کی شلوار قمیض پہن رکھی ہے ۔پولیس کے مطابق  متوفی کی شناخت کیلئے مسجد میں اعلانات کروائے جا رہے ہیں۔