عزاداروں کا جلوس مقررہ روٹ سے آگے نکلنے‘ تصادم کا نوٹس

14 نومبر 2013

لاہور(نامہ نگار)آئی جی پنجاب پولیس خان بیگ نے ساندہ کے علاقہ دھوپ سڑی میں جلوس مقررہ روٹ سے آگے نکالنے پر دو گروپوں میں تصادم پر لاہور پولیس حکام سے برہمگی کا اظہار کیا ہے اور سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ علاقہ میں گزشتہ روز بھی کشیدگی کی فضاء برقرار تھی اور پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔تفصیلات کے مطابق منگل کے روز ساندہ کے علاقہ دھوپ سڑی میں جلوس مقررہ روٹ سے آگے نکالنے پر دو گروپوں میں تصادم کے دوران اندھا دھندفائرنگ،توڑ پھوڑاور املاک کو نقصان پہنچانے کے علاوہ چار پولیس اہلکار وں سمیت 12افراد شدید زخمی جبکہ متعد افراد معمولی زخمی ہو ئے۔ واقعہ میںزخمی ہونے والے ایس ایچ او گلشن راوی زاہد شاہ کی حالت ہسپتال میں تشویشناک بتائی جاتی ہے۔