مبشرگھرانہ(۱)

14 نومبر 2013

٭حضر ت علی کرم اللہ وجہہ الکریم روایت فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ارشادفرمایا:تم میں سے پل صراط پر سب سے زیادہ ثابت قدم وہ ہو گا جو میرے اہل بیت اورمیرے صحابہ سے زیادہ محبت رکھتا ہوگا۔(ابن عدی،د یلمی )
٭حضرت حذیفہ بن یمان رضی اللہ عنہ روایت فرماتے ہیں ،حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے استفسار فرمایا:کیا تم نے اس بادل کو نہیں دیکھا جو اس سے پہلے میرے سامنے آیا تھا(درحقیقت )وہ ایک فرشتہ تھا،جو اس رات سے پہلے کبھی زمین پر نازل نہیں ہوا۔اس نے اپنے پاک پروردگار سے مجھے سلام عرض کرنے اورایک بشارت دینے کے لیے اجازت طلب کی ہے،(وہ یہ )کہ حسن اورحسین بہشتی نوجوانوں کے سردار ہیںاورفاطمہ جنتی عورتوں کی سردار ہیں۔ (ترمذی، نسائی)
٭حضرت سیدہ خاتونِ جنت رضی اللہ عنہ بیان فرماتی ہیںکہ حضورنبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں فرمایاکہ جبریل ہر سال مجھے قرآن پاک کا ایک دور کروایا کرتے تھے،مگر اس سال انھوںنے دو،دور کروائے ہیں۔مجھے یوں لگ رہا ہے کہ میری رحلت کا وقت آگیا ہے۔میرے اہل بیت میں سے سب سے پہلے مجھے ملوگی،اللہ تعالیٰ سے ڈرنا اورصبر کرنا کیونکہ وہ بہترین سلف ہے جو میں تمہارے لیے چھوڑے جا رہا ہوں۔٭حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدہ سے یہ بھی ارشاد فر ما یا : اے فاطمہ!کیا تم مومناتِ جنت کی سردار ہونے پر راضی نہیں ۔ (بخاری،مسلم)٭حضرت عبداللہ ابن زبیر رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں ،حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا:فاطمہ میرے وجود کا ٹکڑا ہے جو چیز اسے تکلیف واذیت دیتی ہے وہ مجھے بھی تکلیف واذیت دیتی ہے۔(ترمذی،احمد)
٭حضرت ابوبکرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں، رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا:میرا یہ بیٹا(حسن) سردار ہے اوراللہ تبارک وتعالیٰ اس کے ذریعے سے مسلمانوں کے دوعظیم گروہوں میں صلح کروائے گا۔(بخاری،ترمذی، ابودائود،نسائی)
٭حضرت عبداللہ ابن عمر رضی اللہ عنہما روایت کرتے ہیں ،حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: میرے یہ دونوں بیٹے حسن اورحسین نوجوانانِ بہشت کے سردار ہیں،اور ان کا باپ ان دونوں سے بہتر ہے۔(ابن ماجہ،حاکم)٭حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں ،رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:حسن اورحسین نوجوانانِ بہشت کے سردار ہیں۔ (ترمذی ،احمد)اس مضمون کی احادیث حضرت عمر ، حضرت علی ،حضرت جابر،حضرت ابو ہریر ہ،حضرت اسامہ بن زید،حضرت براء بن مالک اورحضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہم مختلف کتب حدیث میںمروی ہیں۔