شہزادہ محمد ٹرمپ ملاقات : امریکہ کیساتھ 300ارب ڈالر کے معاہدے سعودیہ 600ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریگا : شام سے پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ ایران کیساتھ ڈیل چاہتا ہوں : امریکی صدر

May 14, 2025

ریاض (نوائے وقت رپورٹ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مشرق وسطیٰ کے اپنے 4 روزہ اہم دورے کے آغاز پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے۔ جہاں ان کا پرتپاک استقبال سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کیا۔ ریاض پہنچنے پر صدر ٹرمپ کو روایتی عربی قہوہ پیش کیا گیا اور ان کی محمد بن سلمان سے بند کمرہ ملاقات بھی ہوئی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، باہمی تعلقات، باہمی تعاون کے فروغ، دفاعی تعاون، توانائی، سرمایہ کاری اور اقتصادی شراکت داری بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایران، غزہ کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق یہ ٹرمپ کا وائٹ ہاؤس واپسی کے بعد پہلا بڑا بین الاقوامی دورہ ہے۔ ٹرمپ آج قطر اور جمعرات کو متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے۔ ٹرمپ کے ہمراہ ایلون مسک سمیت امریکی کاروباری شخصیات بھی ہیں۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب صدر ٹرمپ کو بعض سکیورٹی خدشات کا سامنا ہے۔ خاص طور پر قطر کی جانب سے تحفے میں دئیے جانے والے پرتعیش طیارے کے معاملے پر، جس کے بارے میں امریکی دفاعی ماہرین اور خفیہ ادارے سوالات اٹھا چکے ہیں۔ سعودی عرب اور امریکہ میں اکنامک سٹریجٹک معاہدہ طے پا گیا۔ صدر ٹرمپ اور شہزادہ محمد بن سلمان نے معاہدے پر دستخط کر دیئے، امریکہ اور سعودی عرب کے درمیان توانائی کانکنی کے معاہدے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق خلائی تعاون‘ صحت‘ توانائی سمیت اقتصادی شراکت داری کے معاہدوں اور ایم او یوز پر بھی دستخط کئے گئے۔ صدر ٹرمپ نے کہاکہ ہم ایک دوسرے کو بہت اچھی طرح جانتنے ہیں اور پسند کرتے ہیں میں امریکہ کے امیر ترین افراد کو اپنے ساتھ لیکرآیا ہوں،  بہت سارے چیک پر دستخط ہونے والے ہیں اس دورے سے امریکہ میں 20 لاکھ نئی نوکریاں پیدا ہوں گی۔ توانائی کے شعبے میں 14 ارب 20 کروڑ ڈالر کا معاہدہ بھی شامل ہے۔ چار ارب ڈالر کے 737بوئنگ طیارے بھی معاہدے میں شامل ہیں۔ امریکی کمپنیاں سعودی عرب کو آلات کی تربیت اور خدمات بھی فراہم کریں گی۔ سعودی عرب ایف 35 جنگی طیاروں کی ممکنہ خریداری پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ایف 35 کی خریداری بھی معاہدے میں شامل ہے یا نہیں۔ امریکہ اور سعودی عرب کے درمیان اربوں ڈالر کے معاہدے طے پائے۔ وائٹ ہاؤس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ دفاعی شعبے میں 142 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط ہو گئے۔ سعودی عرب 14.2 ارب ڈالر کا گیس ٹربائن اور 4.8 ارب ڈالر کے 737 بوئنگ طیارے خریدے گا۔ پانچ ارب ڈالر کا انرجی انویسٹمنٹ ‘ پانچ ارب ڈالر کا ایروسپیس اینڈ ڈیفنس ٹیکنالوجی فنڈ قائم کیا جائے گا۔ ٹرمپ خیلج تعاون کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کرینگے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی امریکن انویسٹمنٹ فورم سے خطاب میں کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ 300 ارب ڈالرز کے معاہدوں پر دستخط کئے۔ امریکہ کی ایک ہزار 300 کمپنیاں سعودی عرب میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ سعودی عرب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا ایک چوتھائی حصہ امریکی کمپنیوں کا ہے۔ امریکہ کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات 90 سال قبل شروع ہوئے تھے۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکہ میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کر دی۔ امریکی صدر ٹرمپ نے سعودی امریکن سرمایہ کاری فورم سے خطاب میں کہا ہے کہ میرا دورہ سعودی عرب تاریخی اور کامیاب ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ چین نے امریکی مصنوعات کیلئے دروازے کھولنے کی اجازت دیدی۔ دنیا کے کئی ممالک معاہدوں کیلئے وائٹ ہاؤس کا دورہ کر رہے ہیں میری موجودگی کے باعث امریکہ دولت بنانے کیلئے پرکشش ملک بن گیا۔ امریکہ کے پاس دنیا کی بہترین معیشت ہے یہ خطہ اپنے بیٹوں کی محنت اور لگن کی بدولت ترقی کی جانب گامزن ہے۔ امریکی صدر نے ایران کو بھی امن کی پیشکش کرتے کہا کہ دنیا میں امن کیلئے ایران کے ساتھ ڈیل کرنا چاہتا ہوں اگر ایران نے زیتون کی شاخ کو نظرانداز کیا تو امریکہ پابندیوں کے ذریعے سخت پالیسیاں جاری رکھے گا۔ سعودی ولی عہد سے ملاقات کے بعد شام پر عائد پابندیاں اٹھانے کا فیصلہ کر لیا۔ شام کی عوام کو نیا موقع فراہم کرنے جا رہے ہیں امید ہے شامی عوام کچھ کر دکھائے گی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی ختم کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مجھے جنگیں پسند نہیں دنیا میں امن کی خواہش رکھتا ہوں۔ حزب اﷲ نے لبنانی عوام کو جنگیں اور بدامنی دی ایران کی غلط پالیسیوں نے ملک کو ریگستان میں بدل دیا۔ حزب اﷲ نے مشرق کا پیرس کہلانے والے شہر بیروت کی رونقیں تباہ کر دی تھیں ۔ جوبائیڈن کا حوثی باغیوں کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے نکالنا غلط اقدام تھا ایران کو یاد رکھنا چاہئے امریکہ کی پیشکش دائمی نہیں ہو گی۔ امریکہ اپنے دوستوں اور شراکت داروں کا تحفظ جاری رکھے گا ہم کسی جنگ میں شامل نہیں ہوں گے۔ خونریزی روکنا ہو گی حوثیوں نے بحری جہازوں پر حملے روکنے پر اتفاق کیا۔ امریکہ نے بھی حملے روک دیئے۔ دہشت گردی نے غزہ پٹی اور لبنان میں بہت سارے لوگوں کی جانیں ضائع کیں۔ محمد بن سلمان ایک عظیم اور کرشماتی شخصیت ہیں۔ غزہ عوام کے ساتھ ناروا سلوک ناقابل تصور یہ ڈراؤنا خواب ختم ہونا چاہئے۔ امید ہے کہ سعودی عرب جلد اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات کا معاہدہ کرے گا۔ سعودی عرب یہ معاہدہ اپنے وقت پر ہی کرے گا۔ سعودی عرب پر اسرائیل کو تسلیم کرنے پر زور دیا۔

مزیدخبریں