ترقیاتی منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع کیے جائیں،احسن اقبال

May 14, 2025

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت "اْڑان پاکستان" ترجیحی منصوبہ جات سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔اجلاس میں برآمدات، ماس میڈیا، سماجی شعبے، خوراک و زراعت، ماحولیاتی تحفظ، سائنس و ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر سے متعلق منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے ہدایت دی ایسے منصوبے پی ایس ڈی پی کا حصہ بنائے جائیں جو ادارہ جاتی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔احسن اقبال نے منصوبہ جات کی فنڈنگ کی مؤثر تقسیم کے لیے ان کی ریشنلائزیشن کو ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بین الاقوامی اور اسٹریٹیجک اہمیت کو بھی مدنظر رکھا جائے۔انہوں نے وزارتِ صحت کے ترجیحی منصوبوں کو بھی ترقیاتی پلاننگ میں شامل کرنے کی ہدایت کی اور پاور سیکٹر میں جاری منصوبوں کے تسلسل کے ساتھ نئے منصوبوں پر بھی غور کرنے پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے بلوچستان کے لیے عوامی فلاح پر مبنی معیاری منصوبوں کو ترجیح دینے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں جامع اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وفاقی وزیر نے واضح کیا پی ایس ڈی پی میں ان منصوبوں کو ترجیح دی جائے جو "اْڑان پاکستان" کے اہداف سے ہم آہنگ ہوں۔

مزیدخبریں