بچے مستقبل ہیں ،بہتر تربیت کی جائے:ڈپٹی کمشنر سبی
سبی(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر سبی منصور احمد قاضی نے کہا کہ آج کے بچے اور نوجوان کل کے مستقبل ہوں گے ان کی بہترین تربیت اور تعلیم سے ہی ملک و قوم ترقی کے منزل طے کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تعلیم سپورٹس ثقافت اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وحید شریف عمرانی ، ڈی ای او عبدالحمید ابڑو، ڈی ایس او ایاز داجلی اور دیگر افسران موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلوں سے جہاں معاشرے میں نوجوان بیراہروی سے بچتے ہیں وہاں انکی جسمانی اور ذہنی استعداد کار بڑھانے میں کافی مدد ملتی ہے انہوں نے کہا کہ جو قومیں کھیل کے میدان میں پیچھے رہ جاتی ہیں وہ ترقی کے منازل طے نہیں کرپاتیں، بچوں کی بہترین ذہنی نشوونما کے لئے بنیادی سطح پر کھیلوں کی فراہمی ضروری ہے، ہمارا بھی فرض بنتا ہے کہ ہم کھیل کے شعبے میں بہتری کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے سپورٹس ، ثقافتی پروگرام ، آرٹ اور دیگر ایونٹس کرینگے ۔