شہری دھوپ میں سر پر ٹوپی یا کپڑا ضرور رکھیں:ڈپٹی کمشنرگوجرانوالہ
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) گرمی کی موجودہ شدید لہر کے باعث ہیٹ ایگزاسٹ، ہیٹ سٹروک اور سن برن کا خدشہ ہے جس سے بچنے کے لیے شہری پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی خصوصی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ دانش افضال نے کہا ہے کہ شہری دوپہر کو بلا ضرورت گھر سے نہ نکلیں، سخت گرمی میں مشقت اور ورزش سے پرہیز کریں، دھوپ میں کھڑی گاڑی میں نہ بیٹھیں اور بچوں کو بھی بند گاڑی میں نہ چھوڑیں، وقفے وقفے سے پانی اور مشروبات کا استعمال ضرور کریں، دھوپ میں نکلتے وقت سر پر ٹوپی یا کپڑا ضرور رکھیں،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بخار، جسم پر دانے، تیز نبض، غنودگی ، شدید پسینہ، پیلاہٹ، الٹی،قے، سر دردہیٹ سٹروک کی علامات ہیں۔ اس صورت میں مریض کو ٹھنڈی ہوا دار جگہ پر لٹائیں اور تیز بخار کی صورت میں ٹھنڈی پٹیاں کریں۔ہیٹ سٹروک سے متاثرہ مریضوں کو طبیعت سنبھلنے تک پینے کو کچھ نہ دیں اور طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کریں۔ زیاددہ پسینہ آنے کی صورت میں سکنجبین اور نمکول کا استعمال مفید ہے۔ انہوں نے کہااس سلسلہ میں ہسپتالوں میں ہیٹ ایگزاسٹ، ہیٹ سٹروک اور سن برن سے متاثرہ مریضوں کے علاج کے لیے تمام ضروری ادویات فراہم کر دی گئیں جبکہ بس اڈوں، بس سٹاپ و دیگر عوامی مقامات پر پینے کے صاف اور ٹھنڈے پانی کا بھی انتظام کیا جائے گا۔