جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی،عقیل احمد
حیدرآباد (نامہ نگار) جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی، کارکنان ،امیدواران وذمہ داران عوامی مسائل کو اجاگر اور حل کرنے سمیت بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں جاری رکھیں تحریک انصاف کی حکومت تین سالوں میں ایک بھی عوامی مسئلہ حل نہیں کیا بلکہ اپنی ناکام اور عجیب و غریب پالیسیوں سے ملکی قرضوں سمیت مہنگائی اوربے روزگاری کوپاکستان کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا ہے۔عوام جماعت اسلامی کی طرف امیدبھری نظروں سے دیکھ رہی ہے سب کو آزمانے کے بعدواحد آپشن جماعت اسلامی رہ گئی ہے۔جماعت اسلامی کی دیانتدار اور باصلاحیت قیادت ہی ملک کو مسائل کے دلدل سے نکال سکتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے دفتر جماعت اسلامی میں جماعت اسلامی یوتھ ایگزیکٹیوکونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جماعت اسلامی سپریم کونسل کے رکن سردار زبیر خادم حسین سولنگی ، نائب امیر عبدالیقوم شیخ ، جنرل سیکریٹری ظہیر الدین شیخ اور جے آئی یوتھ حیدرآباد کے صدر عرفان قائمخانی بھی موجود تھے۔ عقیل احمد خان نے کہا کہ مہنگائی بے روزگاری میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے ۔ غریب اورسفید پوش طبقہ فاقوں کی نوبت تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ داران اور امیدواران جماعت اسلامی کی دعوت وپیغام کو گھر گھر پہنچانے کے لیے مزیدتیزی کے ساتھ کام کو جاری رکھیں،پوری قوم جانتی ہے کہ جماعت اسلامی نے ہرمشکل گھڑی اور میدان میں بہترین خدمات،مثالی کردار وجدوجہد کیاہے۔جے آئی یوتھ کے نوجوانوں کی ذمے داری ہے کہ اپنے ارد گرد تمام نوجوانوں تک اپنی دعوت پہنچائیں اور انہیں منظم کریں، پاکستان کی واحد امید اور ترقی اسلامی نظام میں ہے اور اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے ملک بھر کے نوجوانوں کو جے آئی یوتھ کے پلیٹ فارم پرجمع کرنا ہوگا۔ جماعت اسلامی کے کارکنان بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں شروع کریں اور اپنی دعوت عوام الناس تک پہنچائیں۔