تعلیم ترقی اور مہذب معاشرے کی اساس ہے، خواجہ اظہارالحسن
کراچی ( نیوز رپورٹر) ایم کیوایم پاکستان کے سینئر رہنما،سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف
وپارلیمانی لیڈرخواجہ اظہارالحسن نے کہاہے کہ تعلیم ترقی اور استحکام کا واحد ذریعہ اور مہذب معاشرے کی اساس اور ضامن ہے۔ تعلیم کے ذریعے ہی قومیں عروج حاصل کرتی ہیں اور مستقل طورپر اہم ترین مقام کی حامل بنتی ہیں جبکہ تعلیم کے فروغ میں نجی تعلیمی ادارے کلیدی کرداراداکررہے ہیں۔ وہ گزشتہ روز آکلینڈ گرامر اسکول وکالج عثمان کیمپس نیوکراچی کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر صدرتقریب آکلینڈ گرامر اسکولز اینڈکالجز سسٹم کے سربراہ ممتازسیاسی وسماجی شخصیت وماہر تعلیم عثمان میرعباسی ایڈوکیٹ، انجمن اتحادعباسیہ پاکستان کے مرکزی ترجمان، ڈاکٹرایوب عباسی، اسکول ایڈمنسٹریٹر شہزا دمیر عباسی و دیگر مہمانان گرامی واساتذہ نے بھی خطاب کیا۔مہمان خصوصی خواجہ اظہارالحسن نے مزید کہاکہ بین الاقوامی سطح پر اس حقیقت کا ادراک کرلیاگیا ہے کہ نجی شعبے کی فعال شمولیت کے بغیر حکومتیں تنہامعیار کے ساتھ تعلیم کا تمام بوجھ نہیں اٹھاسکتیں، چنانچہ اس تناظر میں فروغ تعلیم کے لئے نجی تعلیمی سیکٹر کی اہمیت کہیں زیادہ بڑھ چکی ہیں۔دریں اثنامہمان خصوصی خواجہ اظہارالحسن نے ادارے کے بانی عثمان میر وایڈمنسٹریٹرشہزادمیر کو نئے کیمپس کے قیام پر مبارکباد دی۔تقریب سے صدارتی خطاب میں عثمان میر ایڈوکیٹ نے کہاکہ نجی تعلیمی سیکٹر نے حکومت کا 70فیصد سے زائد وزن اٹھارکھاہے، لیکن بدقسمتی سے نجی تعلیمی اداروں پر بے شمار بے جاٹیکسز نافذ کئے ہوئے ہیں جنہیں فی الفور ختم ہوناچاہئے، عثمان میر ایڈوکیٹ نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ نجی تعلیمی اداروں سے نہ صرف تمام ٹیکسز ختم کئے جائیں بلکہ دیگر ممالک کی طرح اس سیکٹر کو مراعات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں کے قیام کے ذریعے ہم معاشرے کی خدمت کررہے ہیں، جبکہ محض پیسہ کماناہمارامقصد نہیںہے۔تقریب کے اختتام پر اسکول ایڈمنسٹریٹرشہزادمیر مہمان خصوصی خواجہ اظہارالحسن ودیگر تمام مہمانوں کا شکریہ اداکیا۔