پانی بحران کیخلاف شیر شاہ چوک پر تاریخی دھرنا ہوگا‘مولانا عظیم اللہ
کراچی (نیوز رپورٹر) پانی کا بحران جمعہ 20 مئی شیرشاہ چوک پر تاریخ ساز دھرنا ہوگا۔ شیرشاہ کالونی میں پانی کے شدید ترین بحران اور واٹر بورڈ کی ظالمانہ روش کے خلاف شیرشاہ چوک پر بھرپور احتجاج کریں گے۔ تمام مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔ واٹر بورڈ اپنا قبلہ درست کرے۔ اگر مطالبات نہ مانے گئے تو واٹر بورڈ کے دفتر کا گھیراؤ کریں گے۔ شیرشاہ کی عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئی ہے۔ یہ فیصلہ جمعیت علمائے اسلام شیرشاہ کے امیر مولانا عظیم اللہ عثمان کی زیر صدارت جامعہ عثمانیہ شیرشاہ میں شیرشاہ کالونی کے ائمہ مساجد اور مہتممین مدارس کے بھرپور اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں علاقے کے تمام ائمہ مساجد و مہتممین مدارس نے شرکت کی۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عظیم اللہ عثمان نے کہا کہ'' حق دو شیرشاہ کو'' تحریک شروع ہوچکی ہے۔ پہلے مرحلے میں پانی کے بحران کے خلاف اپنا آئینی اور جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے شیرشاہ چوک پر دھرنا دیں گے۔ اگر مطالبات منظور نہ ہوئے تو واٹر بورڈ کے دفتر کا گھیراؤ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام تر قانونی تقاضے پورے کئے، اپنی آواز حکام بالا تک پہنچائی۔ اب پانی سر سے گزرچکا ہے۔ تنگ آمد بجنگ آمد کے مصداق اپنا آئینی حق استعمال کررہے ہیں۔ ہم پرامن لوگ ہیں اور پرامن جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں لیکن اگر حق نہ ملا تو اپنا حق لینا بھی جانتے ہیں۔ مولانا عظیم اللہ عثمان نے مزیدکہاکہ پانی ہمارابنیادی انسانی حق ہے۔واٹر بورڈکی کالی بھیڑوں نے ہمیں ہمارے بنیادی انسانی حق سے محروم کردیا ہے۔اب ہم نے واٹربورڈ کے خلاف علم جہاد بلند کردیا ہے۔ہم میدان میں رہیں گے تاوقتیکہ ہمیں ہمارا حق نہیں مل جاتا۔اجلاس میں طے ہوا کہ تمام سیاسی جماعتوں اور برادریوں کے ذمہ داران کو ساتھ ملاکر دھرنے کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ پہلا مرحلہ شیرشاہ چوک بلاک کرنے کا ہے، اگلے مرحلے میں واٹر بورڈ کے دفتر کا گھیراؤ اور شارع فیصل پر دھرنا دیا جائے گا۔