مذہب مخالف لابی نصاب میں تبدیلی کی خواہاں
پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ (پی سی ٹی بی) کے نصاب میں تبدیلی سے متعلق کوئی قابل غور اور سنجیدہ معاملہ پہلی بار منظر عام پر نہیں آیا، اس سے پہلے بھی ایسے کئی واقعات پیش آچکے ہیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کوئی منظم لابی اس سارے سلسلے کو لے کر چل رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے 26 اپریل کو پی سی ٹی بی کی طرف سے جاری ہونے والے اس مراسلے کا سختی سے نوٹس لیا ہے جس کے تحت یکساں قومی نصاب یا سنگل نیشنل کریکولم (ایس این سی) کے مطابق ترتیب دی گئی نویں جماعت کی اسلامیات اور سیرت النبیؐ کی تعلیمات سے متعلق کتاب کو نصاب کا حصہ نہ بنانے کی بات کی گئی تھی۔ وزیراعلیٰ کے حکم پر مراسلہ واپس لے لیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ جامع انکوائری کر کے حقائق سامنے لائے جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔ پاکستان میں ایک مذہب مخالف لابی بیرونی امداد سے خاص طور پر اس ایجنڈے پر کام کررہی ہے کہ کس طرح ہماری آئندہ نسلوں کو اسلام اور پاکستان سے بیزار کیا جائے۔ اس سلسلے میں یہ لابی ایک طرف تو سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کی اپنے ایجنڈے کے مطابق ذہن سازی کررہی ہے اور دوسری جانب نصاب میں ایسی تبدیلیاں لانے کے لیے کوششیں کررہی ہے جس سے نئی نسل کو مذہب سے دور کیا جاسکے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو اس معاملے کی چھان بین کرا کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دینی چاہیے اور آئندہ پی سی ٹی بی کے معاملات پر نظر رکھنے کے لیے کوئی مؤثر لائحہ عمل ترتیب دینا چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسی صورتحال پیدا نہ ہو۔