امریکہ نے دہشت گردی کے خلاف مکمل تعاون نہ کرنے پر کیوبا کو بلیک لسٹ کر دیا

امریکہ نے کولمبیئن گوریلاز کی موجودگی کی مذمت کرتے ہوئے کیوبا کو دہشت گردی کے خلاف مکمل تعاون نہ کرنے پر بلیک لسٹ کر دیا ہے۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ نے 2019 ءکے انسداد دہشت گردی کے امریکی قانون کے تحت کیوبا کو بلیک لسٹ کیے گئے 4 ممالک ایران، شام، شمالی کوریا اور وینزویلا کی فہرست میں شامل کر دیا ہے جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف امریکہ کے ساتھ مکمل تعاون نہیں کیا۔ امریکی وزارت خارجہ کے مطابق 2017 ءمیں کولمبیا کا باغی گروپ ای ایل این کیوبا حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے دارالحکومت ہوانا گیا جس کے بعد ووہ واپس نہیں گیا۔ وزارت خارجہ کے مطابق کیوبا کے کولمبیا حکومت کے ساتھ سودمند مذاکرات سے انکار کرنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ کولمبیا میں دیرپا امن ، سلامتی اور اس کے عوام کے لیے مواقع کے حصول کی کوششوں کی حمایت کے لئے امریکہ کے ساتھ تعاون نہیں کر رہا ہے۔ امریکہ کے اس اقدام سے کیوبا امریکہ سے اسلحہ درآمد نہیں کر سکے گا۔ واضح رہے کہ کولمبیا کے صدر ایون ڈوکیو امریکہ کے قدامت پسند اتحادی ہیں جنہوں نے کیوبا پولیس اکیڈمی پر کار بم دھماکے کے بعد باغی گروپ ای ایل این کے ساتھ مذاکرات ختم کر دیئے تھے جس میں 21 افراد ہلاک ہوئے تھے۔