اولمپئن آصف باجوہ کو سیکرٹری پی ایچ ایف تعینات کرنے کی منظوری
لاہور(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹو بورڈ نے متفقہ طور پر اولمپئین آصف باجوہ کو سیکرٹری پی ایچ ایف تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس صدر پی ایچ ایف بریگیڈئر خالد سجاد کھوکھر کی زیر صدارت نیشنل ہاکی سٹیڈیم میںہوا۔ اجلاس میں ایگزیکٹو بورڈ کے 16اراکین نے شرکت کی جبکہ دو اراکین غلام مصطفی اور اسماعیل گجر اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ ایگزیکٹوبورڈ اجلاس میں خیبر پختونخواہ کے سیکرٹری نے آصف باجوہ کا نام سیکرٹری کے طور پر پیش کیا جبکہ سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری نے اس کی تائد کی ۔اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن اولمپئین آصف باجوہ نے کہا کہ ہاکی میں نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں ہاکی کے معاملات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی ہے،آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ ہاکی بحالی کے لئے تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور کوشش ہو گی کہ کلب ہاکی کو بحال کیا جائے اور اس کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کہا کہ آج ایگزیکٹو بورڈ اور صدر پی ایچ ایف سے خصوصی طور پر اجازت لی ہے کہ ہر تین ماہ بعد فیڈریشن کے اکائونٹس کی تفصیلات پی ایچ ایف کی ویب سائٹ پر جاری کی جایا کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت افسوس کی بات ہے ہاکی بحالی پر گفتگو کرنے کی بجائے ہاکی فیڈریشن کے مالی معاملات پر زیادہ بات کی جاتی ہے اسی صورت حال کے پیش نظر میں نے یہ فیصلہ کیا ہے۔سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن نے تمام سابق اولمپئینز کو ساتھ لے کر چلنے کا اعلان کیا اور تمام سابق کھلاڑیوں کو دعوت دی کہ وہ مل بیٹھ کر ہاکی بحالی کے لئے مشورہ دیں انہوں نے سابق اولمپئینز سے ایک مرتبہ پھر درخواست کی کہ وہ ایک دوسرے کی پگڑیاں اچھالنے کا سلسلہ بند کرتے ہوئے ایک ساتھ مل کرہاکی بحالی کے لئے کام کریں ۔انہوں نے اعلان کیا کہ عید کے فوری بعد قومی ہاکی چیمپئن شپ کروائی جائے گی اس کی میزبانی کے حوالے سے آئندہ دس روز میں اعلان کردیا جائے گا ۔سیکرٹری پی ایچ ایف نے اعلا ن کیا کہ بہت جلد ملک میں پروفیشنل ہاکی لیگ کروائی جائے گی اور اس سلسلے میں میری مختلف لوگوں سے بات چیت شروع ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم کو ایک سال میں ٹاپ ٹین اور پھر ٹاپ فور میں لانا ہدف ہے اور اس کے لئے مکمل حکمت عملی کا اعلان کیا جائیگا ۔سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا تھا کہ 20کروڑ عوام سے وعدہ کرتاہوں کو کہ ہاکی کو اس کاکھویاہوا وقار واپس دلائیں گے اور بین الاقوامی ہاکی میںمیڈلز بھی جیت کرلائیں گے ۔ہاکی فیڈریشن احتساب کے حوالے سے سوال پر آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ ملک میںادارے آزاد اور خود مختار ہیں وہ اپنا کام کریں گے اگر کسی نے گاجر یں کھائی ہیںتو اس کے پیٹ میں درد ہوگا اور اگر کسی نے گاجریں نہیںکھائیں تو اس کو درد نہیں ہوگا ۔