سندھ ہائی کورٹ: مشیر خزانہ اور گورنر سٹیٹ بنک کی تقرری کیخلاف درخواست پر دلائل طلب
کراچی (آئی این پی ) سندھ ہائی کورٹ نے مشیر خزانہ اور گورنر سٹیٹ بنک کی تقرری کے خلاف درخواست قابل سماعت ہونے پرفریقین سے دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت پندرہ مئی تک ملتوی کردی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں مشیر خزانہ اور گورنر سٹیٹ بنک کی تقرری کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی ۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مشیر خزانہ اور گورنر سٹیٹ بینک کی تقرری پالیسی میٹر ہیں۔ کیا اس میں آئین و قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے؟درخواست گزار نے جواب دیا حفیظ شیخ اور رضاباقر کی تقرری ملک کی خودمختاری سے جڑی ہوئی ہے۔ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے۔مولوی اقبال حیدر نے کہا کسی مالیاتی ادارے کے ملازم پاکستان کا خزانہ کیسے چلا سکتے ہیں؟مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور گورنر اسٹیٹ بنک رضاباقر کی تقرری کالعدم قرار دی جائے۔عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فریقین سے دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید کارروائی 15 مئی تک ملتوی کردی۔ واضح رہے مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور گورنر اسٹیٹ بینک رضاباقرکی تقرری کومولوی اقبال حیدر کی طرف سے چیلنج کیا گیا تھا۔