کراچی: کرنٹ لگنے سے 16 سالہ نوجوان جاں بحق، مختلف کارروائیوں میں 10 ملزم گرفتار
کراچی (صباح نیوز)کراچی کے علاقے منگھو پیر میں کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا جبکہ مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران پولیس نے 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے سمگل شدہ کپڑا، اسلحہ، موبائل فونز،جعلی سرکاری نمبر پلیٹس اور دیگر چیزیں برآمد ہوئی ہیں۔کراچی کے علاقے منگھو پیر کے جان محمد گوٹھ کے ایک گھر میں کرنٹ لگنے سے 16 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت بلال ولد شفیع محمد کے نام سے ہوئی ہے۔موٹر وے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی کپڑے کی بڑی کھیپ کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ لیاری ایکسپریس وے پر موٹروے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے سمگل کیا ہوا کپڑا ملا ۔مو ٹروے حکام کے مطابق کارروائی کے دوران چار ملزموں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 3 گاڑیوں میں لوڈ کیا گیا ایک کروڑ روپے مالیت کا کپڑا برآمد کر لیا گیا۔ گڈاپ سٹی سے پولیس نے سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث 3 رکنی گروہ کو گرفتار کر کے اسلحہ اور موبائل فونز برآمد کر لئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزموں علی شیر، بلال اور عرفان نے تفتیش کے دوران ضلع ملیر کے مختلف علاقوں میں لوٹ مار کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے اے ٹی ایم مشین سے رقم نکلوانے والے شہریوں کو لوٹنے والے ڈاکوئوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 3 رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزموں میں محمد شان، ریحان الدین اور فیضان عرف اسد شامل ہیں، ملزموں کے قبضے سے 3 پستول، کیش، موبائل فون اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔