جوڈیشل مارشل لاء لگنا چاہئے، انتخابات جولائی میں ہوتے نظر نہیں آتے، شیخ رشید
ملتان (سپیشل رپورٹر) عوامی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف نے سازش کے تحت ملکی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ نواز شریف انڈین وزیراعظم مودی کی زبان بول رہے ہیں۔ وہ پاکستان میں انڈین سرجیکل سٹرائیک چاہتے ہیں۔ شہباز شریف بڑے بھائی سے بڑا کرپٹ ہے۔ حدیبیہ ملز اور 56 کمپنیوں سمیت سی پیک میں بڑے ہاتھ مارے ہیں۔ اقتدار میں آ کر عمران خان کے ساتھ مل کر لوٹی دولت کا حساب لیں گے۔ نواز شریف ملک پر اقتصادی پابندیاں لگوانا چاہتے ہیں۔ الیکشن 2018ء میں چیف جسٹس ثاقب نثارکے دور میں ہی ہونگے۔ جوڈیشل مارشل لاء کا حامی ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعہ پر انہوں نے مزید کہا کہ اپنی دولت و اقتدا کو بچانے کے لئے نواز شریف اتنی پستی میں بھی جا سکتے ہیں اس کا کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔ ان کے حالیہ بیانات دل دہلا دینے والے ہیں۔ منصوبے کے تحت ڈان کے رپورٹر سرل المیڈا کو بلا کر انٹرویو دیا گیا۔ میاں نواز شریف پاکستان پر اقتصادی پابندیاں لگوانا چاہتے ہیں۔ وہ اپنے خلاف جاری احتساب اور ممکنہ سزا سے بچنا چاہتے ہیں اور آنے والے سخت فیصلوں کے لئے پیش بندی کر رہے ہیں۔ وہ تو اسرائیل امریکہ اور انڈیا والے گروپ کے نمائندہ بن کر بات کر رہے ہیں۔ وہ تو دشمن کی زبان بول رہے ہیں۔ پاکستان نے گزشتہ 70 سالہ دور میں کبھی اتنا قرض نہیں لیا جتنا گزشتہ 5 سالہ دور میں لیا گیا ہے۔ عبوری حکومت کے لئے تو قرضوں کی اقساط بھرنا ہی مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف فوج کے امیج کو تباہ کرنا چاہتے ہیں وہ انڈین سرجیکل سٹرائیک کرانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے اجمل قصاب کے گھر کا پتہ دیا تھا۔ کارگل کے ایشو پر بھی انہوں نے انڈین زبان بولی تھی اور آج بھی جو ہو رہا ہے وہ اس گروپ کے ساتھ ہیں جو ملک توڑنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات جولائی میں ہوتینظر نہیں آ رہے تاہم موجودہ چیف جسٹس ثاقب نثار کے دور میں ہی انتخابات اس سال کے آخر تک ہوتے دیکھ رہا ہوں۔ کل بھی کہتا تھا اور آج بھی کہتا ہوں کہ جوڈیشل مارشل لاء لگنا چاہیے میں اس کا حامی ہوں۔ انہوں نے کہا نواز شریف کے حالیہ انٹرویو سے دشمنوں کے کلیجے میں ٹھنڈ پڑ گئی ہو گی۔ یہ پاکستان کو دہشت گردی کی واچ لسٹ میں ڈلواناچاہتے ہیں مگر پاکستان کو اللہ بچائے گا۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف کا بیان قومی سلامتی کے خلاف سازش ہے، نواز شریف نے مودی سے تین خفیہ ملاقاتیں کیں اور اجمل قصاب کے گھر کا پتا نواز شریف نے ہی بھارت کو دیا۔ملتان میں عوامی راج پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں ممبئی حملوں پر نواز شریف کے بیان کو قومی سلامتی کے خلاف سازش قرار دیتا ہوں اور خدا کو گواہ بنا کر یہ الزام لگانا چاہتا ہو کہ اجمل قصاب کے گھر کا پتا نواز شریف نے بھارت اور عالمی نیوز ایجنسی رائٹر کو دیا تھا نواز شریف نے مودی سے تین ملاقاتیں کیں مگر وزارت خارجہ کو معلوم نہیں، چیف جسٹس سے کہوں گا کہ سرکاری راز لیک کرنے پر نواز شریف کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ اس ملک کی فوج اور عدلیہ کو تباہ کرنے کا ایجنڈا نواز شریف کو دیا گیا ہے، نواز شریف کی اداروں کے خلاف سازش کا آغاز اس وقت ہوا جب آرمی چیف کو اسکینر سے گزارا گیا، میں نے آج تک نہیں سوچا تھا کہ میر صادق اور میر جعفر کو دیکھوں گا مگر نواز اور شہباز کی شکل میں میر صادق اور میر جعفر دیکھ رہا ہوں۔