آئندہ الیکشن میں زر داری کا تجربہ، بلاول کا ویژن کامیاب ہوگا: یوسف رضا
ملتان( نمائندہ نوائے وقت) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے مرکزی چیف آرگنائزر اور انٹرنیشل راجپوت فیڈریشن کے قائد کنور قطب الدین خان نے ملاقات کی اس موقع پر ابو الحسن گیلانی، تنویر الحسن گیلانی، سید احمدمجتبیٰ گیلانی سابق صوبائی وزیر سندمہر غضنفر علی سہلانی، سابق صوبائی وزیر خواجہ جلال الدین رومی، محمد اشرف قریشی، محمدنعیم خان، اعزاز محبوب بھی موجود تھے۔ اس موقع پر کنور قطب الدین نے بات چیت کرتے ہوئے کہا پاکستان کے سلامتی بقاء اور حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے اور اس کے لئے ہم ہر طاقت سے رابطہ کریں گے سید یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ ووٹ کی عزت پارلیمنٹ اور عوام کی عزت واحترام ، سلامتی اور تحفظ میں ہے ہم نے جنوبی پنجاب صوبہ کی بنیاد رکھی تھی آج ہماری اس محنت کو تسلیم کیاجارہا ہے مسلم لیگن نے کونسا ناکام جلسہ کرکے فائدہ حاصل کیا یہ وہ خود بتائیں گے ہم نے پاکستان میں پارلیمنٹ قوانین آئین کی بقا کا عہد کررکھا ہے اور اس سلسلے میں پیر صاحب پگارا کی خدمات ناقابل فراموش ہیں آصف علی زرداری کا تجربہ اور بلاول بھٹو زرداری کا ویژن کامیاب ہوگا اس موقع پر وجاہت حسین گیلانی کی وفات پر اظہار تعزیت فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی گئی ۔علاوہ ازیں پیپلز پارٹی میں شامل ہونیوالے ملک فاؤنڈیشن کے عہدیداروں سے اپنی رہائش گاہ پر گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے ملک میں غیر یقینی صورتحال پیدا کررکھی ہے ۔ پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ وفد کی قیادت چیف کوارڈینیٹر پنجاب پاکستان ملک فاؤنڈیشن ملک اصغر تونسوی، پاکستان ملک یوتھ پنجاب کے جنرل سیکرٹری ملک بلال نے کی وفد میں چیئرمین ملتان اعظم خلجی، سیکرٹری نشر واشاعت پنجاب شاہد عرفان، محمد اعظم شامل تھے جبکہ سابق ایم پی اے احمد مجتبیٰ گیلانی بھی اس موقع پر موجود تھے وفد نے سید یوسف رضا گیلانی کو پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی بھر پور سپورٹ حمایت کا یقین دلایا اور پارٹی کے لئے خدمات کی پیش کش کی سید یوسف رضا گیلانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پیپلز پارٹی سب کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر قائم ہے جمہوریت اور ملک کے پسماندہ محروم طبقات کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے آئندہ اقتدار کی صورت اور پنجاب میں اکثریت ملنے پر صوبہ بھی بنائیں گے۔