صدقات اور زکوۃ مستحقین تک پہنچانا عظیم کارخیر ہے‘ رانا عبدالباقی
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) ساؤتھ ایشین پلس ریلیف فورم کی طرف سے اپنی مدد آپ کے تحت جناح اقبال فکری فورم کے تعاون سے اتوار کو انجمن فیض الاسلام میں چار سو مستحقین اور سفید پوش افراد میں رمضان راشن تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب کی صدارت سماجی رہنما ڈاکٹر جمال ناصر نے کی اور سابق وفاقی سیکرٹری مظفر محمود قریشی مہمان خصوصی تھے۔ فورم کے چیئرمین رانا عبدالباقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدقات اور زکوۃ کو مستحقین تک پہنچانا عظیم کارخیر ہے۔ حضور نبی کریمؐ نے مستحقین کی امداد خاموشی سے بھی کی اور دوسروں کو ترغیب دینے کیلئے سرعام بھی۔ ارکان اسمبلی کو حکومتی فنڈز اور بیت المال کی بجائے اپنی جیبوں پر نظر رکھنی اور رمضان میں ضلع تحصیل سطح پر مستحق افراد کی امداد کرنی چاہئے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ رمضان کا مہینہ میں ہمیں عبادات کے ساتھ غریب افراد کی امداد کرنے کے کارخیر میں بھرپور حصہ لینا چاہئے۔ مظفر محمود قریشی نے کہا کہ اسلام نے انسانیت کی خدمت اور غریبوں کی مدد کرنے کا حکم دیا ہے۔ آخر میں ارسلان اکبر عباسی نے ملک و قوم کی سلامتی اور بانیان پاکستان علامہ اقبال اور قائداعظم کی بلندی درجات اور رمضان راشن تقسیم میں تعاون و ایثار کرنے والے مخیر افراد کے لئے اجتماعی دعا کرائی۔