اپنے ہی ملک کے خلاف زہریلا پروپیگنڈہ ناقابل برداشت ہے‘ضیاء عباس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سینئر سیاستدان اور مسلم لیگ کے سابق سیکرٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ بمبئی حملوں میں پاکستان کی عسکری تنظیموں کے ملوث ہونے سے متعلق بیان سے نواز شریف کی اصلیت کھل کر سامنے آگئی ہے وہ ذاتی اقتدار کی خاطر اور دولت بچانے کے لئے ملک کو دائو پر لگانے کے لئے بھی تیار ہیں۔ اگر یہ وہ قومی راز ہیں جنہیں طشت ازبام کرنے کی نواز شریف دھمکی دے رہے تھے تو انہیں پاکستان نہیں بھارت جا کرسیاست کرنی چاہئے۔ سید ضیاء عباس نے کہاکہ ایک نہیں تین بار وزیراعظم بننے والے شخص کے منہ سے اپنے ہی ملک کے خلاف زہریلا پروپیگنڈہ قوم کے لئے ناقابل برداشت ہے‘ اب اس بات میں کوئی شبہ نہیں رہ گیا کہ ڈان لیکس پارٹ ون بھی مسلح افواج کے خلاف گھنائونی سازش تھی اور پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑ کر دنیا میں بدنام کرنے کے لئے ڈان کے اس نمائندے کا انتخاب بھی سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات اپنی جگہ درست ہے کہ کسی کو غداری کا سرٹیفکیٹ نہیں دیا جاسکتا لیکن ڈان لیک پارٹ ون اور ڈان لیک پارٹ ٹو کے بعد باپ بیٹی کی حب الوطنی پر سوال اٹھنا غلط نہیں ہوںگے جبکہ قومی سلامتی کے اداروں کوبھی اس معاملے میں غور اور سوچ بچار کی ضرورت ہے۔
ضیاء عباس