واپڈا نجکاری‘ نان ٹیکنیکل چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کا فیصلہ منسوخ‘ نوٹیفکیشن آج جاری ہو گا
ملتان (نامہ نگار خصوصی) وفاقی حکومت واپڈا نجکاری اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں پرائیویٹ نان ٹیکنیکل چیف ایگزیکٹوز کی تعیناتی کے فیصلوں کی منسوخی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن آج جاری کرے گی۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی سید نوید قمر آج آئیسکو ہیڈ کوارٹر میں ہائیڈرو یونین کے مرکزی جنرل سیکرٹری خورشید احمد کے ہمراہ جلسہ میں یہ اہم اعلان کرینگے۔ نوید قمر، خورشید احمد کے مابین مذاکرات ہوئے جس میں انجینئر ایسوسی ایشن کے صدر انجینئر غضنفر بلوچ بھی شریک تھے۔ وفاقی وزیر نے تینوں مطالبات تسلیم کر لئے اور اعلان بھی کر دیا تاہم ملازمین اور انجینئرز نے نوٹیفکیشن کے اجراءہونے تک ہڑتال ختم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ وفاقی وزیر آج نوٹیفکیشن پڑھ کر سنائیں گے۔