سیاسی فوجی قیادت امریکی دباﺅ پر جھک گئی‘ نیٹو سپلائی کھولنے کے لئے بے تاب ہے: منور حسن
لاہور( خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی منور حسن نے کہا ہے کہ امریکی سینیٹر جان کیری کا بیان کہ ”دہشت گردی کے خلاف پاکستان مزید تعاون کرے ورنہ خود کارروائی کریں گے“ پاکستانی عوام اور پارلیمنٹ کی کھلی توہین ہے، سیاسی اور فوجی قیادت امریکی دباﺅ پر جھک گئی ہے اور سپلائی لائن کھولنے کے لیے بے تاب ہے، حکمرانوں کی کمزوری بھانپ کر امریکہ ہمیں دھمکیاں دے رہا ہے، دہشتگردی کی جنگ کے مرکزی کردار پاکستان کو وقت آنے پر سائیڈ لائن کر دیا گیا، امریکی دباو¿ کا حکمت سے مقابلہ کرنے کی بجائے حکمرانوں نے ہاتھ پاﺅں ڈھیلے کر دیئے ہیں۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار کراچی سے ویڈیولنک کے ذریعے منصورہ میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ منور حسن نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی داﺅ پر لگی ہے اور حکمران اپنی کرسی مضبوط کرنے کی فکر میں ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت اقوام متحدہ کے چارٹر کی روشنی میں اپنی سرحدوں کی خلاف ورزی اور پامالی پر ایک اچھی سفارت کاری کرتے ہوئے چین اور دیگر ہمدرد ممالک کو ساتھ ملا کر مہم چلائے اور امریکہ سے بھیک مانگنا بند کردے۔ افغانستان کے معاملات میں کوئی رول ادا کرنے کا موقع فراہم کرنے کی بجائے پاکستان کودودھ سے مکھی کی طرح نکال کر باہر پھینک دیا گیا ہے اور بھارت کو ساتھ ملایا جارہا ہے۔منورحسن نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے کرپٹ اور غلام حکمرانوں سے نجات حاصل کرنی ہوگی۔