اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) کل کابینہ کی دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں نیٹو سپلائی کھولنے کے بارے میں فیصلہ کر لیا جائے گا۔ نوائے وقت کو قابل اعتماد ذرائع نے بتایا کہ کابینہ کی دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان امریکہ تعلقات اب بڑھتی ہوئی کشیدگی اور دوسرے امور پر تبادلہ خیال ہو گا۔ ان ذرائع کے مطابق کابینہ کی دفاعی کمیٹی میں نیٹو سپلائی بحال کر دی جائے گی۔ نیٹو سپلائی کی بحالی کے لئے امریکی ماہرین کی ٹیم گزشتہ دس دن سے وزارت خزانہ اور وزارت خارجہ کے حکام سے تبادلہ خیال کر رہی ہے۔ ان ذرائع کے مطابق پاکستان نے نیٹو کنٹینرز کی پاکستان کے راستے سپلائی پر مختلف قسم کی ڈیوٹیوں کی شرح میں اضافہ کا مطالبہ کیا ہے جو امریکہ اور نیٹو نے منظور کر لیا ہے۔ نیٹو سپلائی کی بحالی کے لئے نئی شرائط پر کابینہ کی دفاعی کمیٹی کل غور کرے گی۔وفاقی کابینہ کا اجلاس پرسوں ہو گا، وفاقی کابینہ اور کابینہ کی دفاعی کمیٹی کے اجلاسوں کی صدارت وزیراعظم گیلانی کریں گے جس میں شکاگو کانفرنس اور پارلیمنٹ کی سفارشات پر لائحہ عمل مرتب کرنے پر بھی غور ہو گا۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024