لاہور (شعیب الدین سے) آزاد جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنماءاور صدر آزاد کشمیر کے سابق مشیر سید نصیب اللہ گردیزی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اور بھارت میں دریاﺅں پر ڈیم بنا کر پاکستان کے حصے کا پانی چوری کرنے جیسے اہم مسائل کے حل تک بھارت سے تمام تجارتی اور ثقافتی معاہدے ختم کرکے بھارت سے تجارت فوراً بند کردینی چاہئے۔ سوات اور سرحد کے دیگر علاقوں میں فوجی آپریشن کی مدت بڑھی تو بھارت فائدہ اٹھا کر آزاد کشمیر پر حملہ کرسکتا ہے۔ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں بھارت کی شمولیت تسلیم نہیں کرتے ہیں۔ امریکہ اور نیٹو فورسز کے دعوے کے مطابق افغانستان میں امن قائم ہوچکا ہے لہٰذا پاکستان کی معیشت پر گزشتہ 30 سال سے بوجھ بنے 30 سے 40 لاکھ افغان مہاجرین کو فوری طور پر 3 ماہ کے اندر اندر افغانستان بھجوا دیا جائے۔ وہ نوائے وقت سے خصوصی بات چیت کررہے تھے۔ سید نصیب اللہ گردیزی نے کہا کہ سوات کا معاملہ دو ہفتوں میں ٹھیک ہوجائیگا۔ پاک فوج کے کنٹرول کرلینے کے بعد علاقے کے اراکین اسمبلی کو شامل کرکے وہاں پر موجود پاکستانی طالبان کی قیادت سے مذاکرات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور نیٹو فورسز پاکستان کیخلاف ایک منصوبے کے تحت کام کررہی ہیں۔ اسرائیل اور بھارت اس میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ پاکستان کی مغربی سرحد کو غیرمحفوظ بنانے کیلئے بھارت کو کردار سونپا جا رہا ہے۔ امریکہ پاکستان سے مغربی سرحدوں پر فوج کی تعیناتی کیلئے مشرقی سرحدوں سے فوج ہٹانے کا مطالبہ کررہا ہے۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024