چکوال(مہران ظفر ملک)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شہاب اسلم نے ضلع چکوال و تلہ گنگ میں تمام سرکاری محکموں اور میونسپل اداروں کی انتظامیہ کو احکامات جاری کئے ہیں کہ متعلقہ دائرہ کار میں حکومتِ پنجاب کے ڈینگی کنٹرول ایکشن پلان کے ایس او پیز کی کامل مطابقت میں ڈینگی کی روک تھام یقینی بنائی جائے ۔ علاوہ ازیں گراس روٹ لیول تک ڈینگی سے بچا کے لئے احتیاطی تدابیر بارے عوامی آگاہی عام کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے یہ احکامات ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی (ڈرک)کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کئے۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سعید اختر، سی ای او ایجوکیشن محمد صفدر ملک سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سعید اختر نے انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ڈینگی سے متاثرہ کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر نے سرویلنس کو بھرپور انداز میں مثر و مربوط اور مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈینگی لاروا کی افزائش کا باعث بننے والے عوامل اور ذرائع کا مکمل خاتمہ خشک اور صاف ستھرے ماحول کی ترویج سے یقینی بنایا جا سکتا ہے جس کے لئے ضلع میں تمام میونسپل اداروں اور دیگر سرکاری محکموں کے ضلعی و تحصیل سطح کے دفاتر کی انتظامیہ کو زیادہ محنت و کاوش سے کام کرنا ہوگا تاکہ ڈینگی کی پوٹینشل بریڈنگ سائیٹس نہ بننے پائیں۔
ڈینگی کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں، شہاب اسلم
Mar 14, 2025