ارکان اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کا اقدام سیاسی رشوت ہے: خالد جاوید
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) کے ضلعی رہنما میاں خالد جاوید نے ارکان اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سادگی اور کفایت شعاری کا دعویٰ کرنے والے حکمرانوں نے اپنی اس پالیسی کی خود ہی دھجیاں اڑا دی ہیں، کفایت شعاری اگر حکومتی سطح پر نہیں اپنائی جائے گی تو اس کی توقع عوام سے نہیں کی جاسکتی، حکمرانوں ہوش کے ناخن لیں اور اس غریب ملک کے سرمایہ کی یوں بندر بانٹ سے باز رہیں، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کا اقدام سیاسی رشوت ہے جو موجودہ حکومت اپنی گرتی ساکھ کو بچانے اور اپنے ان ارکان اسمبلی کو مطمئن کرنے کے چکر میں دے رہی ہے۔