سرمایہ دارانہ نظام نے امیر ، غریب کے درمیان خلیج کو وسعت دی: رفیق رجوانہ
لاہور(خصوصی رپورٹر)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ اسلامی معاشی نظام استحصال سے پاک معاشرے کے قیام اور وسائل کی مساویانہ تقسیم کی ضمانت ہے جس کے لئے اسلامی بینکنگ کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ گذشتہ چند برسوں کے دوران جس طرح اسلامک بینکنگ اور فنانس کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم ایک ایسا معاشی نظام چاہتے جو سود سے پاک ہو اور ہماری اسلامی اساس سے مطابقت رکھتا ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کامسیٹس انسٹی ٹیوشن آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام گلوبل فورم آف اسلامک فنانس سے خطاب کے دوران کیا۔فورم میںملکی اور بین الاقوامی ادارں سے تعلق رکھنے والے بینک کاروں اور اسلامی فنانس کے ماہرین نے شرکت کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سرمایہ دارانہ نظام نے محض امیر اور غریب کے درمیان خلیج کووسعت دینے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ حکومت اسلامی بینکنگ کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور ا س سلسلے میں ہر قسم کا تعاون فراہم کیا جا رہا ہے،اس موقع پر کامسیٹس یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر راحیل قمر اور ڈائریکٹر پروفیسر قیصر عباس نے کامسیٹس کی کارگردگی اور جاری پروگرام پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ دریں اثنائ، گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں حلقہ پی پی 159سے مسلم لیگ (ن) کے 18رُکنی وفد نے خالد محمود لودھی کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈاکٹر شاہد محمود، چوہدری اکبر علی، چوہدری یونس اور دیگر کارکن موجود تھے۔