بین سٹوکس ان فٹ، نیوزی لینڈ الیون کے خلاف ابتدائی دو روزہ ٹور میچ سے باہر
ہیملٹن (اے پی پی) انگلش ٹیم کے آل رائونڈر بین سٹوکس فٹنس مسائل کے باعث نیوزی لینڈ الیون کے خلاف ابتدائی دو روزہ ٹور میچ سے باہر ہو گئے جس کے بعد ان کی آئندہ ہفتے نیوزی لینڈ کے خلاف شیڈول پہلے ٹیسٹ میچ کے ذریعے سے ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کی امیدوں کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ الیون کے درمیان دو روزہ ٹور میچ (آج) بدھ سے شروع ہو گا جبکہ انگلینڈ اور کیویز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 22 مارچ سے شروع ہو گا۔ انگلش ٹیم مینجمنٹ کے مطابق سٹوکس کمر کی تکلیف میں مبتلا ہیں جس کے باعث وہ نیوزی لینڈ الیون کے خلاف ابتدائی دو روزہ ٹور میچ میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ان کی انجری سنجیدہ نوعیت کی نہیں ہے، اگر وہ ایک دو روز میں سو فیصد فٹ ہو جاتے ہیں تو نیوزی لینڈ الیون کے خلاف شیڈول دوسرا دو روزہ ٹور میچ کھیلیں گے۔