پاکستان کرکٹ بورڈ کا پی ایس ایل 2017 کا آڈٹ کرانے کا فیصلہ
لاہور(حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لیگ دو ہزار سترہ کی آڈٹ کی منظوری پاکستان کرکٹ بورڈ کا گورننگ بورڈ چھبیس مارچ کو کراچی میں ہونیوالے اجلاس میں دے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا اڑتالیسواں اجلاس کراچی میں طلب کیا گیا ہے۔ پچیس مارچ کو پی ایس ایل فائنل کے اگلے روز گورننگ بورڈ اراکین اہم معاملات کی منظوری دیں گے۔ گورننگ بورڈ کا اجلاس چئیرمین نجم سیٹھی کی زیر صدارت ہو گا۔ پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کی آڈٹ رپورٹ کے حوالے سے بورڈ انتظامیہ کو خاصی تنقید کا سامنا رہا ہے۔ اس تاخیر کی گونج اعلی ایوانوں میں سنائی دیتی رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے گورننگ بورڈ کے اڑتالیسویں اجلاس میں بورڈ ملازمین کی تقرری و برخاستگی کے حوالے سے بھی اہم پیشرفت ہو گی۔ ساٹھ سال یا اس سے زیادہ عمر کے ملازمین کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق چئیرمین پی سی بی ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے اقدامات پر بورڈ اراکین کو بریفنگ دیں گے جبکہ آئی سی سی میٹنگ میں ہونیوالی بات چیت پر بھی اراکین کو اعتماد میں لیں گے۔ بھارت کے ساتھ ہرجانے کے کیس پر بھی گورننگ بورڈ اراکین کو بریفنگ دی جائے گی۔