اینٹی کرپشن کے اہلکار بن کر نوسر بازی کرنے والے گروہ کے 3 ملزم گرفتار
لاہور(نامہ نگار+ سٹاف رپورٹر) انویسٹی گیشن پولیس مغلپورہ نے جعلی اینٹی کرپشن کے اہلکار بن کر نوسر بازی کی وارداتیں کرنے والے گروہ کے 3ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے جعلی سرکاری نمبر پلیٹ والی کار،موٹر سائیکل، لاکھوں روپے نقدی، جعلی اینٹی کرپشن کارڈز، موبائل فونز اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ ایس پی سول لائن انویسٹی گیشن مہر ممتاز نے گزشتہ روز تھانہ مغلپورہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پولیس ٹیم نے جعلی اینٹی کرپشن اہلکار بن کر لاہور کے مختلف علاقوں میں وارداتیں کرنے والے تین ملزمان حارث بٹ، کاظم بٹ اور شکیل کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے سبز رنگ کی جعلی سرکاری نمبر پلیٹ والی کرولا کار،موٹر سائیکل، لاکھوں روپے نقدی، جعلی اینٹی کرپشن کارڈز، موبائل فونز،جعلی کاغذات، دیگر اشیاء اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔