35 سالہ شخص کی نعش برآمد‘ 30 سالہ جوان کوارٹر میں مردہ پایا گیا
لاہور (نامہ نگار) مغلپورہ کے علاقہ میں نہر سے 35 سالہ نامعلوم شخص کی تشدد زدہ نعش ملی ہے۔ شبہ ہے کہ نامعلوم افراد نے اسے اغوا اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گلہ دبا کر قتل کر دیا اور نعش نہر میں بہا کر فرار ہوگئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مغلپورہ کے علاقہ میں نہر میں نامعلوم شخص کی تیرتی نعش دیکھ کر راہگیروں نے پولیس کو اطلاع کی جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو ٹیم کی مدد سے نعش نہر سے باہر نکالی اور اسے پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے جمع کرا دیا۔ مغلپورہ کے علاقہ میں 30 سالہ شخص اپنے کوارٹر میں پراسرار طورپر مردہ حالت میں پایا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہاڑی کا رہائشی 30 سالہ اسلم لاہور میں روزگار کے سلسلے میں مقیم تھا اور اپنے دوستوں کے ہمراہ مغلپورہ کے علاقے شالیمار کالونی میں ایک کوارٹر میں رہائش پذیر تھا۔ پیر اور منگل کی درمیانی شب وہ دیر سے کوارٹر پر آیا اور سو گیا۔ گزشتہ صبح جب دوستوں نے اسے اٹھانے کیلئے ہلایا تو وہ مردہ حالت میں پڑا تھا۔