موٹروے پولیس کے زیر اہتمام ایک روزہ روڈ سیفٹی ورکشاپ کا انعقاد
اسلام آباد(خبر نگار) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے زیر اہتمام موٹروے پولیس روڈ سیفٹی ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے حامد شکیل شہید آڈیٹوریم اسلام آباد میں روڈ سیفٹی برائے شہریوں اور پیشہ ور ڈرائیوروںکے موضوع پر ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ور کشاپ میں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس غلام رسول زاہد، ڈی آئی جی ہیڈ کواٹر اشفاق احمد، ڈی آئی جی آپریشنز عباس احسن، اے آئی جی آپریشنزفضل حامد ، ایس پی ہیڈ کواٹر عدیل شہزاد، سی پی اوڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹی انعام الٰہی، ریجنل مینجرسیفٹی اینڈ سیکورٹی کریم نیٹ ورکس قیصرقیوم ، کریم نیٹ ورکس سے منسلک ڈرائیوروںکی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس غلام رسول زاہد نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والوں کی حفاظت، مدد اور فلاح کا فریضہ موٹروے پولیس احسن طر یقہ سے سرانجام دے رہی ہے۔ محفوظ ڈرائیونگ کا انحصار، اچھی گاڑیوں ، معیاری سڑکوں اور سب سے بڑھ کر ڈرائیور کی مہارت پر ہوتا ہے۔ محفوظ ڈرائیونگ کی اہمیت کے پیشِ نظر عالمی معیار کے عین مطابق نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈرائیونگ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ سے ڈرائیوروں کو ڈرائیونگ کی تربیت دی جاتی ہے۔ موٹروے پولیس نے ٹریفک مینجمنٹ، حادثات میں کمی اور لوگوں میں روڈ سیفٹی کا شعور اجاگر کرنے اور ملک میں معیاری ڈرائیونگ کے حوالے سے انتھک کو ششیںکی ہیں اور یہ کوششیں جاری ہیں۔ایس پی ہیڈ کواٹر عدیل شہزاد، ریجنل مینجرسیفٹی اینڈ سیکورٹی کریم نیٹ ورکس قیصرقیوم ،نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹی روڈ سیفٹی آگاہی یونٹ کے انچارج سہیل مصطفی نے بھی خطاب کیا۔