حکومت خواتین کی سماجی حیثیت بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے،ندیم شفیق ملک
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) نیشنل کونسل آف سوشل ویلفئیر نے ریجنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اور گھونسلہ ٹرسٹ کے تعاون سے گھونسلہ میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔ جہاں پر ڈاکٹر ز نے غریب خواتین کو مفت طبی سہولیات فراہم کیں۔ بلڈ پریشر اور شوگر کے فری ٹیسٹ بھی کیے گئے۔ اور انہیں مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں، صدارت ڈاکٹر سید عباس ناصر، ایم ڈی، چائنیز اسپتال راولپنڈی نے کی۔ جبکہ محترمہ انصر انیس، کلیکٹر، کسٹم ، اسلام آباد مہمان ِ خصوصی تھیں۔ ڈاکٹر ندیم شفیق ملک، چیئرمین، نیشنل کونسل آف سوشل ویلفئیرنے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت خواتین کی سماجی حیثیت کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ سماجی بہود کے لیے خواتین کی فلاح و بہبود بہت ضروری ہے۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار کی روشنی میں خواتین کی تعلیم اور حقوق کی فراہمی ، ریاست کی ذمہ داری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج پاکستانی خواتین زندگی کے ہر میدان میں نمایاں خدمات سر انجام دے رہی ہیں ۔ موجودہ حکومت خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے بہت سے اقدامات کر رہی ہے جن میں اُن کی صحت سرِفہرست ہے۔