ڈرگ اتھارٹی کو نوٹس، نیب کی معافی قبول، سپریم کورٹ نے کارروائی ختم کردی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) غیر معیاری جعلی ادویات بنانے والی کمپنی ایورسٹ فارما کے خلاف کیس میں نیب کی جانب سے ڈریپ کو نوٹس جاری کرنے کے معاملے پر پراسیکیوٹر جنرل نیب کی معافی کی استدعا منظور کرتے ہوئے مزید کارروائی ختم کردی گئی ہے۔ جب نیب کے پراسیکیوٹر جنرل اصغر حیدر عدالت پیش ہوئے تو چیف جسٹس نے انہیں عدالت میں خوش آمدید کہا۔ پراسیکیوٹر جنرل نیب نے موقف اپنایا کہ نیب سے غلطی ہوئی جسے تسلیم کرتے ہیں، اور غلطی پر معذرت چاہتے ہیں۔ عدالت میں پراسیکیوٹر جنرل کی جانب سے معذرت پر سپریم کورٹ نے نیب افسر عامر مارتھ کیخلاف نوٹس واپس لے لیا۔ غیرمعیاری اورغیررجسٹرڈ ادویات بنانے والی فیکٹری کیخلاف ڈریپ کی کارروائی پر عامر مارتھ کی جانب سے ڈریپ افسروں کو نوٹس جاری کیا گیا تھا۔