معروف ڈرامہ نگارشکسپیئر کا مشہور مقولہ ہے کہ دنیا ایک سٹیج ہے اور انسان اس کا کردار ہے یہاں سماج کے اندر اللہ پاک کی مخلوق اپنے اپنے کردار میں زندگی کو رنگین کررہی ہے۔ قدرت نے مختلف انسانوں کو خوبیوں سے نواز کر انسانی خدمت پر مامور کر رکھا ہے۔ ہر انسان کے اندر ایک ایسی کوالٹی ہوتی ہے جو اسے نمایاں کر دیتی ہے۔ پاکستان کے شہر بھائی پھیرو/پھولنگر میں کئی شخصیات وکردار پیدا ہوئے جنہوں نے آنے والی نسلوں کے ذہنوں کے اندر گھر کر لیا ایسے ہی انسانوں وکرداروں میں پھولنگر گائوں لمبے جاگیر کی معروف ہستی حاجی رانا نثار احمد خاں مرحوم کا بھی شمار ہوتا ہے۔ دراز قد، خوبصور ت ، کشادہ ، سرخ و سپید چہرہ اور پرسوز اونچی آواز نے ان کی شخصیت کو چار چاند لگا رکھے تھے ۔ گائوں میں بیٹھ کر بیٹے رانا اسحاق خاں ایم این اے کو آواز دیتے تو آواز پھولنگر شہر تک سنائی دیتی ایک عرصہ سے مسلم لیگ (ن) سے گہری وابستگی تھی۔ سابق صوبائی وزیر رانا پھول محمد خاں (مرحوم) کے بھائی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال خاں کے چچا ممبران قومی اسمبلی رانا حیات خاں اور رانا اسحاق خاں کے والد چیئرمین ضلع کونسل قصور رانا سکندر حیات خاں کے دادا تھے ۔ (مرحوم) ایک لمبے عرصہ تک بلدیہ پھولنگر کے سدا بہار چیئرمین رہے اور اچھی شہرت کے حامل تھے۔ جو آج ہم میں نہیں ہیں مگر ان کے اچھے کاموں کی وجہ سے زمانہ انہیں کبھی فراموش نہیں کرسکتا بے شمار قدرتی صلاحیتوں کے مالک تھے۔ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین ہوا کرتے تھے تو اس وقت ہر بچی بچہ کی پیدائش کا اندراج مذکورہ ٹائون کمیٹی میںہو اکرتا تھا ۔ کئی مہینے اور کئی سال گزر جانے کے بعد بھی انہیں یہ بات زبانی یاد ہوا کرتی تھی کہ فلاں آدمی کے اتنے بیٹے اور بیٹیاں ہیں ان کے یہ یہ نام ہیں۔
وہ اکثر ایک بات کہا کرتے تھے کہ انسان زندگی میں بہت کچھ سیکھتا ہے لیکن جب تک دوسروں سے پیار کرنا ، دوسروں کو معاف کرنا اور دوسروں کی عزت کرنا نہیں سیکھ جاتا سمجھو کچھ نہیں سیکھا۔
حاجی رانا نثار خاں کو مرحوم لکھتے ہوئے عجیب سا محسوس ہورہا ہے یقین نہیں آرہا کہ وہ اس جہانِ فانی سے کوچ کر گئے ہیں شاید یہ ان کے ساتھ انس ہے یا ان کی شفقت بھری طبیعت کا کمال ہے جب بھی ملاقات ہوئی ان کی گفتگو سے اپنائیت کی مہک محسوس ہوتی۔ آپ کا کہنا تھا پہلے میرے بھائی رانا پھول خاں اپنے آپ کو وزیر نہیں کہا کرتے تھے بلکہ اپنے آپ کو اس حلقے کا چوکیدار سمجھتے اور اب میں بھائی کی جگہ عوام کی ہر طرح سے خدمت کرتے ہوئے چوکی دار ہ نبھا رہاہوں اللہ کا شکر ہے اس وقت میرے بیٹے ، بھتیجے اور پوتے سیاست کے میدان میں عوام کی بھرپور خدمت کررہے ہیں۔ ان کی یہ بات مجھے آج تک یاد ہے۔ مرحوم رانا نثار خان کی لاتعداد خدمات کی طرح بھائی پھیرو کے گندے نالے کو بند کرانے کا احسان بھی کبھی نہیں بھلایا جا سکتا کہ گھروں کے درمیان سے گزرنے والا یہ نالہ سب کے لئے عذاب بنا ہوا تھا بارش کے دنوں میں ہر وقت مکان ڈوبنے اور گر جانے کا خطرہ رہتا۔
اصولوں کی بات کرتے ہوئے ہمیشہ کہا کرتے وہ اصول ہی کیا جسے وقت کی دیمک کھوکھلا کر دے۔ اپنے حلقہ کے ایک ایک فرد اور ووٹر کی پہچان رکھتے تھے یہ بھی جانتے تھے کہ اپنا ووٹرکو ن کون سا ہے اور کہاں سے کتنے ووٹ ملیں گے۔ خاندان کی ذمہ داری کو لڑکپن سے ہی اپنے کندھوں پر لئے زندگی کا سفر طے کررہے تھے۔ کوئی مسئلہ ہو نڈر وبے باک انداز میں نبھایا ہے۔ سیاست میں اپنے بڑے بھائی رانا پھول محمد خاں کو ہر دور میں ہر طرح کا ریلیف دیتے اور ہر مسئلہ میں پیش پیش رہتے ۔ اب ان کی وفات کے بعد ان کا متبادل تلاش کرنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔ کیونکہ سیاسی حلقوں میں ان کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل تھا۔
حاجی رانا نثار خاں 13فروری 2018ء بروز منگل اپنے خالق حقیقی سے جاملے اور انہیں اُن کے آبائی گائوں لمبے جاگیر میں سپرد خاک کر دیا ہے مگر اپنے اخلاق، غریب پروری، ملنساری، تدبر کی بدولت وہ ہزاروں لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ حلقہ کی سیاسی تاریخ میں رانا نثار خاں کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38