کراچی: جناح ہسپتال سے میٹرک پاس لیڈی ڈاکٹر گرفتار‘ اعتراف جرم
کراچی(آئی این پی ) کراچی کے جناح ہسپتال کے گائنی وارڈ سے ایک 'میٹرک پاس' لیڈی ڈاکٹر کو گرفتار کرلیا گیا،خاتون نے ابتدائی تفتیش کے دوران ہی اپنے جعلی ہونے کا اعتراف کر لیا،خاتون کے بیگ سے بلڈ پریشر اور دل کی دھڑکن چیک کرنے والے آلات اور مشکوک ادویات ملیں ۔ ایس ایچ او ویمن پولیس انسپکٹر سیدہ غزالہ کے مطابق کورنگی کی رہائشی عائشہ میٹرک پاس ہے اور ایک سال سے گائنی وارڈ میں بطور ڈاکٹر کام کر رہی تھی۔ایس ایچ او کے مطابق جناح ہسپتال کے گائنی وارڈ نمبر1 کی سکیورٹی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ جب پولیس پہنچی تو ڈاکٹر کا گا ئو ن پہنے مذکورہ خاتون گائنی وارڈ کے اندر موجود تھی، پولیس کی پوچھ گچھ پر خاتون مطمئن نہ کرسکی اور ابتدائی تفتیش کے دوران ہی اپنے جعلی ہونے کا اعتراف کرلیا۔خاتون کے پاس لیڈی ہیلتھ وزیٹر یا دائی ہونے کا کوئی سرٹیفیکیٹ بھی نہیں ہے۔انسپکٹر سیدہ غزالہ کے مطابق جعلساز خاتون پر وارڈ سے نوزائیدہ بچے اغوا کرنے والے گروہ سے منسلک ہونے کا شبہ ہے جبکہ اس بات کا بھی شبہ ہے کہ وہ گائنی وارڈ میں غیرقانونی آپریشنز کرانے کی خواہش مند خواتین کو شکار بنایا کرتی تھیں۔